کوئٹہ(ہمگام نیوز)بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ ہر سال کی طرح ستائیس مارچ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ بلوچستان میں پارٹی کے تمام زون آگاہی ریفرنسز کا انعقاد کریں گے اوربین الاقوامی سطح پرجرمنی، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، برطانیہ اور یونان میں احتجاجی مظاہرہ اور ریفرنس پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 27مارچ 1948ء بلوچ قومی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گایہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اس دن کس طرح نوزائیدہ ریاست پاکستان نے بلوچوں کی ہزارہا سالہ تاریخی سرزمین پر فوجی طاقت کے ذریعے قبضہ کرکے بلوچستان کو غلام اور اپنی ایک کالونی بنانے میں کامیاب ہوا،اسی دن سے بلوچ قومی شناخت ،تہذیب و ثقافت اورگرانقدرقومی اقدار ایک ایسے ملک کے توسیعی عزائم کا بھینٹ چڑھ گئے جو تاریخ وتہذیب سے محروم محض مغربی آقاؤں کے مفادات کی چوکیداری کے لئے وجود میں لایاگیا تھا ۔
ترجمان نے کہا 27مارچ نے بلوچ قومی تاریخ ،تہذیب و ثقافت اور وطن پر تباہ کن اثرات مرتب کئے ہیں زندہ قومیں قومی اہمیت کے حامل دنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتے ہیں بلکہ ان کی اہمیت کے مناسبت سے انہیں بھر پور انداز میں مناتے ہیں لہٰذا27مارچ کے تاریخی حقائق کونوجوان نسل تک پہنچانا اورمہذب دنیا کے سامنے عیاں کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ستائیس مارچ 1948کو پاکستان نے بلوچستان پر قبضہ کرکے ہماری تاریخی سرزمین کو اپنی کالونی بنالی مگر بلوچ قوم نے اسی دن اپنے آزادی کے جدوجہد کا آغاز کردیا جو مختلف نشیب وفراز سے گزر کر آج بھی آب و تاب کے ساتھ آزادی کے روشن منزل کی جانب گامزن ہے اورآزادی کے اس سفر میں بلوچ قوم نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں اور قربانیوں کا یہ سلسلہ اپنی قومی آزادی کے حصول تک جاری رہے گی ۔
ترجمان نے کہا کہ قومی تحریک آزادی کے جدوجہد کو کچلنے اور بلوچ قوم کو دائمی غلام بنانے کے لئے دشمن بلوچ سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنوں، پروفیسرز، ڈاکٹر، انجینئرز، ادیب، وکلاء سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، ہزاروں بلوچ فرزند شہید اور ہزاروں پاکستانی فوج کی زندانوں میں اذیتیں سہہ رہی ہیں، آج ہمیں نسل کشی کا سامنا ہے اوریہ سلسلہ قبضے کے دن سے مختلف صورتوں میں جاری ہے ۔
27مارچ کو سوشل میڈیا پر #27marchBlackDayکے عنوان سے ہیش ٹیگ کا استعمال کیاجائے گا تمام آزادی پسند اورانساندوست سوشل میڈیا صارفین سے گزارش ہے کہ وہ اس کمپئین میں بھرپور حصہ لیں ۔