Homeخبریںبرمش یکجہتی کمیٹی کی جانب سے جرمن دارالحکومت برلن میں مظاہرہ

برمش یکجہتی کمیٹی کی جانب سے جرمن دارالحکومت برلن میں مظاہرہ

 

برلن(ہمگام نیوز) برمش یکجہتی کمیٹی کی جانب سے جرمن دارالحکومت برلن میں مظاہرہ و آگاہی منعقد کیا گیا، پمفلیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ بلوچستان میں قابض فوج کی سرپرستی میں ڈیتھ اسکواڈ کارندوں کی درندگی کے خلاف نعرہ درج تھے۔

مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شریک تھے۔ جرمنی کے مختلف علاقوں سے بلوچ سیاسی و سماجی کارکنوں نے مظاہرے میں شرکت کرکے برمش اور اس کی شہید والدہ ملک ناز سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈنُک واقعہ نے ریاست کے چہرے سے نقاب ہٹا دیا ہے۔
ریاست نے معاشرے کے مسترد شدہ انتہائی نالائق لوگوں کو مسلح کرکے بلوچستان پر مسلط کیا ہے
جو دن دیہاٹے اور رات کی تاریکی میں بلوچ چادر و چار دیواری کی تقدس کو پامال کررہے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ ریاست بلوچستان کے بارے میں اپنے پالیسی تبدیل کرے بلوچستان سے مسلح جھتوں کو فوری طور پر ختم کرے۔

مقررین نے مزید کہا کہ ریاستی وزرا سانحہ ڈنک پر عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ اب تک گرفتار مجرموں پر ملک ناز کے قتل کا مقدمہ درج نہیں ہوا ہے۔مظاہرے میں جرمن خواتین اور دیگر سوشل ورکر شریک تھے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج اس مظاہرے کی توسط سے ہم مہذب دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ وہ بلوچ نسل کشی پر مزید خاموشی توڑ کر لب کشائی کریں۔

مقررین نے کہا کہ آج کا مظاہرہ جرمنی میں مقیم بلوچ کمیونٹی کا برمش سے یکجہتی کا پیغام ہے
انہوں نے کہا کہ آج ہم جرمنی سے بلوچستان کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ہم بلوچستان کے درد اور بہتے آنسوؤں پر خاموش نہیں ہیں۔جبکہ برمش یکجہتی کمیٹی نے جرمنی میں مقیم تمام بلوچ کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ ہمیشہ اسی طرح متحد ہوکر آواز اٹھائیں۔

Exit mobile version