کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچ ری پبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیرمحمد بگٹی نے اپنے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں ریاستی ظلم و جبر، فوجی آپریشن اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور ان میں دن بہ دن تیزی لائی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ روز ریاستی فورسز نے تمپ کے علاقے گومازی میں نہتے بلوچ آبادی پر دھاوا بول دیا اور پورے علاقے پر حملہ آور ہوکر تباہی مچاہی گئی۔ ریاستی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے بے گناہ بلوچوں کے درجنوں گھروں میں لوٹ مار کے بعد انہیں نظر آتش کرکے جلا کر خاکستر کردیا جس کے نتیجے میں عورتوں اور بچوں سمیت کئی معصوم بلوچ کھانے پینے کی اشیاء سمیت اپنے تمام تر اثاثوں سے محروم ہوگئے اور کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ آپریشن کے دوران ایک بلوچ فرزند کے شہید ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ ایک درجن کے قریب بے بلوچ نوجوانوں اور بزرگوں کو ریاستی فورسز نے اغواہ کرنے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔ شیرمحمد بگٹی نے کہا کہ ریاستی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں جارحیت اور بلوچ نسل کشی میں تیزی پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبرداروں کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام مہذب ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر یہ فرض عائد ہوتی ہے کہ وہ بلوچ قوم کے خلاف پاکستانی ریاستی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کریں اور ان کی روک تھام کیلئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔