شنبه, نوومبر 23, 2024
Homeخبریںبھارت کی معروف مصنفہ کو توہین عدالت کا نوٹس

بھارت کی معروف مصنفہ کو توہین عدالت کا نوٹس

دہلی( ہمگام نیوز)ممبئی ہائی کورٹ نے مصنفہ اور سماجی کارکن ارون دھتی رائے کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے ۔ عدالت نے یہ نوٹس اروندھتی رائے کے ایک آرٹیکل کے بارے میں دیا ہے جس میں انہوں نے عدلیہ پر تنقید کی تھی۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ارون دھتی رائے نے دلی یونیورسٹی کے پروفیسر جی این سائیں بابا کی گرفتاری کے بارے میں جو آرٹیکل لکھا تھا اس میں انہوں نے پولیس ،حکومت اور عدالت کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔عدالت نے کہا ہے کہ ارون دھتی رائے کو لگتا ہے کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں۔اروندھتی رائے کا جی این سائیں بابا کی گرفتاری سے متعلق یہ آرٹیکل اس برس مئی کے مہینے میں آؤٹ لک میگزین میں شائع ہوا تھا۔عدالت نے یہ نوٹس جی این سائیں بابا کی ضمانت کی عرضی مسترد کرتے ہوئے دیا ۔مہاراشٹر کے ضلع گڈچرولی کی پولیس نے گزشتہ برس پروفیسر جی این سائیں بابا کو مبینہ طور پر ماؤ نواز باغیوں سے منسلک ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ممبئی کی عدالت نے انہیں جون میں ضمانت دی تھی جس کی مدت 31 دسمبر کو ختم ہوجائے گی۔ ناگپور بینچ نے نہ صرف جی این سائیں بابا کی ضمانت کی عرضی مسترد کردی بلکہ انہیں سرنڈر کرنے کے لیے مزید وقت دینے سے بھی انکار کر دیا۔کورٹ نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ اگر سائیں بابا دو دن کے اندر خود پولیس تھانے میں حاضر نہیں ہوتے تو انہیں گرفتار کرلیا جائے ۔ارون دھتی رائے حکومت کی پالیسیوں اور پولیس نظام کے خلاف آواز اٹھاتی رہی ہیں اور مائونواز باغیوں کے خلاف حکومتی آپریشن پر بھی تنقید کرتی رہی ہیں۔ –

یہ بھی پڑھیں

فیچرز