کوہلو (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے پرامن مظاہرین پر قابض پولیس کے وحشیانہ تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف بی آئی سی کی کال پر کوہلو میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ شرکاء نے ریاستی جبر کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ اور دیگر گرفتار مظاہرین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے کہا کہ قابض پاکستان کی فورسز پرامن احتجاج کو کچلنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہی ہیں، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ شرکاء نے اس بربریت کو بلوچ عوام کے خلاف منظم جارحیت قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے واضح کیا کہ بلوچ عوام کو خوفزدہ کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور وہ اپنے حقوق کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ سمیت تمام گرفتار مظاہرین کو فوری طور پر رہا کیا جائے، اور قابض ریاست کی جانب سے جاری ظلم و جبر کا خاتمہ کیا جائے۔
احتجاجی ریلی مختلف شاہراہوں سے گزر کر مرکزی مقام پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر مظلوم بلوچ عوام پر ریاستی جبر کا سلسلہ بند نہ ہوا تو احتجاج مزید شدت اختیار کر
ے گا۔


