شال ( ہمگام نیوز )مقبوضہ بلوچستان کے مرکزی شہر شال میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر ساتھیوں کو انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
انسداد دہشتگری کے جج نے پولیس کی استدعا پر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر6 رہنماوں کو مزید 15 ایام کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر ماہ رنگ نے کہاکہ “ہمیں پتہ ہے کہ جو فیصلہ آچکا ہے آپ وہی فیصلہ سنائیں گے۔”
انہوں نے کہا کہ ہمیں دس روزہ ریمانڈ پر دیا گیا لیکن عدالتی احکامات کے باوجود ہمیں تمام حقوق سے محروم رکھا گیا۔ ہمارے اہلخانہ کو ہم سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی اور وکالت ناموں پر دستخط کرنے کیلئے نہیں چھوڑا جارہا ہے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ نے کہا کہ بلوچستان بھر میں ہم پر ایف آئی آرز کی گئی ہے جن کیلئے وکالت ناموں پر دستخط کرنا ضروری ہے لیکن سپرٹنڈنٹ جیل نے ہمارے سامنے جج صاحب پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے منع کیا ہے کہ کسی وکالت نامے پر دستخط کرنے نہیں دیں۔


