گڈانی ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان، بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی ترجمان کے جاری بیان کے مطابق بلوچ سیاسی کارکن عمران بلوچ کو چار ماہ قبل “مینٹیننس آف پبلک آرڈر (3 ایم پی او)” کے تحت حراست میں لے کر گڈانی جیل منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ تاحال قید ہیں۔
انھوں نے کہاہے کہ ان کو جیل میں بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہیں نہ صرف طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، بلکہ عمران کو شدید ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔ ان پر دن رات نگرانی کی جا رہی ہے، اور انہیں 24 گھنٹے ایک کمرے میں قید رکھا جاتا ہے، جہاں روشنی، تازہ ہوا اور مناسب خوراک جیسی بنیادی ضروریات تک میسر نہیں۔
انھوں نے مزید کہاکہ عمران بلوچ کو اپنے وکلاء یا خاندان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، اور ان کی صحت کی صورتحال کے حوالے سے بھی مکمل طور پر لاعلم رکھا جا رہا ہے، جس سے ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔
ترجمان بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہاہے ہم انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کرتے ہیں ہے کہ وہ اس غیر انسانی سلوک کا نوٹس لیں اور عمران بلوچ کی فوری اور محفوظ رہائی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔


