سه شنبه, مارچ 10, 2026
Homeخبریںایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

ویانا(ہمگام نیوز) انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی رپورٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے امریکا اور یورپی یونین نے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکا کے سیکریٹری اسٹیٹ جان کیری نے ویانا میں آئی اے ای اے کی رپورٹ وصول کی، جس میں کہا گیا ہے کہ ‘ایران نے جولائی میں عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کی پاسداری کی ہے’۔

جان کیری نے امریکی صدر براک اوباما کی جانب سے دیئے جانے والے اختیارات کے تحت دستاویزات پر دستخط کیے، جو اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ امریکی حکومت نے رپورٹس وصول کرتے ہوئے امریکی کانگریس کی جانب سے ایران پر لگائی جانے والی پابندیوں کو اٹھا لیا ہے۔

اس موقع پر جان کیری کا کہنا تھا کہ ‘میں تصدیق کرتا ہوں کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ ایران نے اپنے دعووں کی پاسداری کی ہے ۔۔۔ جس کے بعد امریکا کی جانب سے پابندی اٹھائے جانے کے وعدے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے’۔

دوسری جانب امریکی صدر براک اوباما نے واشنگٹن میں ایران پر امریکی کانگریس کی سابقہ پابندیوں کو کالعدم ​قرار دینے کے لیے ایک ​ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کردیئے ہیں۔

اس سے قبل یورپی یونین نے بھی آئی اے ای اے کی پیش کردہ رپورٹ کے بعد ایران پر موجود اقتصادی پابندیاں اٹھانے پر اتفاق کیا۔

یورپی یونین کے 28 ممبر ممالک کی جانب سے منظور کیے جانے والے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے اسے تحریری شکل دینے کا کام ابھی باقی ہے، تاہم یہ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسے جلد تحریری شکل دے دی جائے گی۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی امور کی سربراہ فریڈریکا موگرینی نے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے جوہری معاہدے پر عمل کیا ہے جس کی وجہ سے ایران پر عائد پابندیاں ختم کی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے عالمی توانائی ایجنسی کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون کیا اور دنیا کو محفوظ بنانے کیلئے ایرانی اقدامات قابل تعریف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز