جمعه, دسمبر 27, 2024
Homeخبریںکوئٹہ : سرچ آپریشن میں دو ہلاک، 35 گرفتار

کوئٹہ : سرچ آپریشن میں دو ہلاک، 35 گرفتار

کوئٹہ(ہمگام نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پاکستانی فورسز کی کارروائی میں دو مبینہ شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 35 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے سرچ آپریشنوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق کے شبے میں 35 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا

یہ سرچ آپریشن شہر کے مختلف علاقوں میں گذشتہ روز ہونے والے خود کش حملے کے بعد کیے گئے جس میں فرنٹیئر کور کے تین اہلکاروں سمیت دس افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے تھے۔

زخمیوں میں فرنٹیئر کور کے 15 اہلکار بھی شامل تھے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں سریاب اور اس کے متعلقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ ان سرچ آپریشنوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو مبینہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

تاحال آزاد ذرائع سے ان افراد کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 35 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا جن سے تفتیش جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سرچ آپریشنوں کے دوران اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال کے دوران اب تک کوئٹہ شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر دو خود کش حملوں سمیت چھ حملے ہوئے ہیں جن میں اب تک 25 سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز