Homeخبریںبلوچ رہنما ماہ رنگ بلوچ اور تین ساتھیوں کو عمر قید کی...

بلوچ رہنما ماہ رنگ بلوچ اور تین ساتھیوں کو عمر قید کی سزا

کوئٹہ (ھمگام نیوز) بلوچستان کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت چار افراد کو ایف سی اہلکار شبیر بلوچ کے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنا دی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق یہ مقدمہ گوادر میں منعقد ہونے والے “راجی مچی” اجتماع کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے سے متعلق تھا، جس میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار شبیر بلوچ ہلاک ہوگئے تھے۔

استغاثہ کا مؤقف تھا کہ اہلکار اجتماع کے دوران ہجوم کی جانب سے مبینہ پتھراؤ کا نشانہ بنے، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔

عدالت نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے علاوہ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین بالاچ قادر، مرکزی رہنما ابوبکر کلانچی اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما صبغت اللہ شاہ جی کو بھی عمر قید کی سزا سنائی۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق مقدمے کی سماعت سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کوئٹہ جیل کے اندر قائم خصوصی عدالت میں کی گئی۔

یہ مقدمہ گوادر میں منعقدہ راجی مچی اجتماع کے بعد درج کیا گیا تھا، جس میں ایف سی اہلکار شبیر بلوچ کی ہلاکت کو بنیاد بنا کر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی تھی۔

عدالتی فیصلے کے بعد تاحال دفاعی وکلا یا بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے خلاف ہونے والے مقدمات اور عدالتی کارروائی کی شفافیت پر مختلف حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز