Homeخبریںیونس بلوچ کی جبری گمشدگی تشویشناک ہے، فوری بازیاب کیاجائے ۔ بی...

یونس بلوچ کی جبری گمشدگی تشویشناک ہے، فوری بازیاب کیاجائے ۔ بی ایس او

شال ( ہمگام نیوز ) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ شب تقریباً 12 بجے تنظیم کے شال زون کے آرگنائزر یونس بلوچ کو پاکستانی فورسز نے ان کے گھر، کوئٹہ، سے بغیر کسی وارنٹِ گرفتاری کے جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا، اور تاحال ہمیں ان کی سلامتی کے متعلق کوئی آگاہی فراہم نہیں کی گئی۔ یونس بلوچ کی جبری گمشدگی کو ملکی و بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور طاقت کے زور پر جمہوری آوازوں کو دبانے کی سازش کا تسلسل سمجھتے ہیں۔ بی ایس او اپنے ساتھی رہنما کی جبری گمشدگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ یونس بلوچ کی باحفاظت بازیابی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔

ترجمان نے کہا ہےکہ ملک کے طول و عرض میں سماجی، سیاسی اور معاشی بحرانوں کے نتیجے میں اٹھنے والی عوامی بغاوتوں کے خلاف منظم ریاستی حملوں کے تسلسل میں سیاسی و سماجی کارکنوں کو جھوٹے مقدمات کے اندراج، غیر قانونی حراست، فورتھ شیڈول میں شامل کیے جانے اور جبری گمشدگی جیسے وحشتناک ہتھکنڈوں کے ذریعے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو انسانی حقوق، اظہارِ رائے کی آزادی اور انسانی وقار کی صریح خلاف ورزی ہے۔

بی ایس او کے ترجمان نے مزید کہاہے کہ جمہوری سیاسی عمل پر منظم حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے اور ملک بھر کی محکوم قوموں، مظلوم طبقات اور بالخصوص طلبہ سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس ریاستی جبر کے خلاف متحد ہوں اور اپنے سیاسی و جمہوری حقوق کے دفاع میں صف آراء ہوں۔

انھوں نے آخر میں کہا ہے کہ بی ایس او ترقی پسند سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں، وکلاء برادری، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سماجی رہنماؤں سے اپیل کرتی ہے کہ یونس بلوچ کی باحفاظت بازیابی کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز