شال ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان قابض ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے دعویٰ کیا ہے کہ شال، پنجگور، بلیدہ اور دالبندین میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے الگ الگ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 18 عسکریت پسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
ایف سی کے مطابق پنجگور کے علاقے گوارگو، جیوئسر میں کارروائی کے دوران دو عسکریت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ ان کے مبینہ ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔ حکام کے مطابق وہاں سے آئی ای ڈی فیوز، آئی ای ڈی ریموٹ، آر پی جی راؤنڈز، ڈیٹونیٹر کورڈ، ہینڈ گرنیڈ، واکی ٹاکی، موبائل فون اور چار موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
ایک اور کارروائی پنجگور کے علاقے جلگائی میں کی گئی، جہاں ایف سی کے مطابق تین عسکریت پسند ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔ کارروائی کے دوران ایس ایم جی رائفل، ہینڈ گرنیڈ، آر پی جی راؤنڈز، دھماکا خیز مواد، راکٹ لانچر اور دو موٹر سائیکلیں قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا گیا۔
اسی طرح ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں کیے گئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں تین عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ افراد پدگ کے مقام پر ایل پی جی بوزروں اور دیگر بڑی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے واقعے میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
دریں اثنا، ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے مطابق بلیدہ کے پہاڑی علاقے زامران (گرداک کور) میں کارروائی کے دوران دو عسکریت پسند ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہاں سے آئی ای ڈیز، دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی ڈیوائسز، بیٹریاں، ریموٹ، کمانڈ وائر، ڈیٹونیٹنگ وائر، دو دستی بم، ایمونیشن، چار موٹر سائیکلیں اور دو موبائل فون برآمد کیے گئے۔
ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
علاوہ ازیں شال کے علاقہ زرغون کے قریب ولی تنگی کے علاقے میں قابض فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 8 مسلح گروہ کے افراد کوشدید فائرنگ کے تبادلے میں ھلاک کردیا جبکہ فورسز کے 4 اہلکاروں ھلاک ہوگئے۔


