کراچی (ھمگام نیوز) اطلاع کے مطابق کراچی اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی جبری گمشدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے حاجی شاہ علی گوٹھ، شرافی ملیر کے رہائشی 24 سالہ یونس بلوچ ولد انور کو 29 جولائی 2026 کی رات تقریباً 10 بجے ٹنڈو اللہ یار کے علاقے ابراہیم شاہ پولٹری فارم سے لاپتہ کیا گیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق یونس بلوچ پیشے کے اعتبار سے کسان ہیں اور انہیں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے حراست میں لیا۔
دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے حاجی وشڈل گوٹھ، ملیر نمبر 8 کے رہائشی 35 سالہ عبدالمجید ولد حاجی غلام محمد کو 29 جولائی 2026 کی رات تقریباً ساڑھے دس بجے شاہراہِ بھٹو کراچی سے لاپتہ کیا گیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق عبدالمجید پلمبر کا کام کرتے ہیں اور کام سے واپسی کے دوران انہیں رینجرز اہلکاروں نے حراست میں لیا۔
جبکہ مستونگ کے سراوان ٹاؤن کے رہائشی 20 سالہ کفایت اللہ بلوچ ولد سفر خان بلوچ کو 10 جون 2026 کو منگچر، قلات سے لاپتہ کیا گیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق کفایت اللہ بلوچ دکاندار ہیں اور انہیں فرنٹیئر کور (FC) نے حراست میں لیا


