کیچ (ہمگام نیوز) اطلاع کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ سوراپ میں گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے حملے کے نتیجے میں مسلم جیئند سمیت کم از کم چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔ بعد ازاں مسلم جیئند زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملہ مغرب کے بعد ہوا تھا، جس کے دوران علاقے میں دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے مسلم جیئند کی ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جہاں اس وقت دیگر افراد بھی موجود تھے۔
حملے کے نتیجے میں مسلم جیئند اور کم از کم تین دیگر افراد زخمی ہوئے تھے، ابتدائی اطلاعات کے وقت زخمیوں کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی تھیں، تاہم بعد میں مقامی ذرائع نے تصدیق کی کہ مسلم جیئند زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مسلم جیئند ماضی میں ایک بلوچ مسلح تنظیم سے وابستہ رہے تھے، تاہم بعد میں انہوں نے سرنڈر کیا تھا۔ ذرائع کا مزید دعویٰ ہے کہ وہ اس وقت مقامی طور پر ’’ڈیتھ اسکواڈ‘‘ کے نام سے موسوم ایک مسلح گروہ کی قیادت کر رہے تھے، جسے پاکستانی فوج کی پشت پناہی حاصل ہے۔
تاہم واقعے کے محرکات اور دیگر زخمیوں کی موجودہ حالت کے بارے میں تاحال مزید معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ حملے کی ذمہ داری بھی تاحال کسی کی جانب سے قبول نہیں کی
گئی ہے۔


