Homeخبریںنوشکی اور نصیر آباد میں ماں بیٹی سمیت 4 خواتین قتل

نوشکی اور نصیر آباد میں ماں بیٹی سمیت 4 خواتین قتل

نوشکی ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ

بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کلی مینگل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

اسطرح نصیر آباد میں بھی دو خواتین کو قتل کردیا گیا ۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان گزشتہ شب نوشکی کلی مینگل میں مسلح افراد ایک گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کرکے ماں بیٹی کو قتل کر دیا ،

جن کی شناخت بی بی حنیفہ زوجہ علی احمد محمد حسنی اور حفصہ دختر علی احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکے ہیں ،جبکہ ملزمان کی تلاش اور مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے ۔

دوسری جانب نصیر آباد سے اطلاعات ہیں کہ مسلح افراد نے دو خواتین کو قتل کردیا ہے ۔

واضح رہے گزشتہ روز

 قلعہ عبداللہ کے علاقے سیگی میں مسلح افراد نے کراچی سے آنے والی گاڑی پر فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق جبکہ باپ اور بیٹی زخمی ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے تعلق رکھنے والے افراد کاروباری معاملات کے سلسلے میں تحصیل گلستان آئے ہوئے تھے۔ گاڑی کو سیگی کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین موقع پر جاں بحق ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق زخمی باپ اور بیٹی کو تشویشناک حالت میں ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کردیا گیا، جبکہ جاں بحق خواتین کی لاشیں عبدالرحمان زئی ہسپتال منتقل کی گئیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ افراد دو روز قبل کاروباری سلسلے میں گلستان آئے تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی نہ روکنے پر ایک قبائلی گروہ کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ سیگی کا علاقہ قبائلی دشمنیوں کے باعث عام شہریوں کی نقل و حرکت کے لیے انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے، جبکہ مبینہ طور پر پولیس کی رسائی بھی اس علاقے تک مشکل ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے بعد تاحال مقدمہ درج نہیں ہوسکا اور فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری بھی عمل میں نہیں آسکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز