تربت ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں ذہنی معذور نوجوان محمد عیسیٰ کے جبری گمشدگی کے بعد ان کے بوڑھے والد نے حکام سے بیٹے کی بحفاظت بازیابی کے لیے پریس کانفرنس دوران فوری قدم اٹھانے کی اپیل کی
ناگ زامران کے رہائشی کریم بخش نے کہا کہ ان کا بیٹا محمد عیسیٰ جو اس وقت سرکاری فارم کالونی آپسر میں رہائش پذیر تھا، اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا کہ اس دوران گاڑی میں سوار مسلح افراد وہاں پہنچے اور اسلحہ کے زور پر انکے بیٹے کو اپنے ساتھ لے گئے۔
بزرگ کے مطابق مسلح افراد نے ان کے بیٹے سے موبائل فون طلب کیا، حالانکہ وہ موبائل فون استعمال ہی نہیں کرتا، ان کا کہنا ہے کہ اس دوران مسلح افراد نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اپنے ہمراہ لے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا ذہنی معذوری کا شکار ہے اور نیشنل میڈیکل سینٹر کراچی کے ڈاکٹروں کی تجویز کردہ ادویات استعمال کررہا ہے، جس کے باعث انہیں اس کی صحت اور سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش لاحق ہے۔
مغوی نواجوان والد کا کہنا تھا کہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، انہوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ، کمشنر مکران اور ایس پی کیچ سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ان کے بیٹے کی بحفاظت بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔


