ایرانشہر(ہمگام نیوز ) ایرانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر ایرانشہر میں ہمسایوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو خواتین زخمی ہوگئیں۔ واقعے کے بعد دو افراد کو قابض ایرانی سکیورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ 18 ستمبر 2026 کو ایرانشہر کی مولوی 10 اسٹریٹ میں پیش آیا، جہاں چند ہمسایوں کے درمیان زبانی تکرار کے بعد معاملہ فائرنگ تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے دوران تین شہری گولی لگنے سے زخمی ہوئے، جن میں تقریباً 24 سالہ محمد نارویی بھی شامل تھے، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق محمد نارویی مبینہ طور پر غلطی سے فائرنگ کا نشانہ بنے۔
زخمی ہونے والی خواتین کی شناخت جانی میدانی اور نجمی میدانی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نجمی میدانی کی حالت تشویشناک ہے اور وہ انتہائی نگہداشت کے یونٹ (ICU) میں زیر علاج ہیں۔
ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد کی شناخت نیاز فتحی رئیسی اور ان کے بیٹے فرشید رئیسی کے طور پر ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیاز فتحی رئیسی اور ان کا بیٹا فرشید رئیسی جھگڑا شروع ہونے کے بعد معاملہ ختم کرانے اور ثالثی کے لیے موقع پر پہنچے تھے اور مبینہ طور پر فائرنگ یا جھگڑے میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔ اس کے باوجود دونوں کو سکیورٹی فورسز نے حراست میں لے لیا۔
رپورٹ کے وقت تک جھگڑے کی اصل وجہ، فائرنگ میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتار شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی تھیں۔
ذرث کا کہنا ہے کہ مزید معلومات موصول ہونے کی صورت میں خبر کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔


