خاران ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ خاران میں نامعلوم مسلح افراد نے نوشکی خاران روڈ سے ڈپٹی کمشنر خاران منیر سومرو اور ان کے ذاتی دو محافظوں کو مبینہ طورپر اغوا کرلیا ، رابطہ منقطع ، پولیس ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر خاران اپنے دو ذاتی محافظوں کے ہمراہ خاران نوشکی روڈ پر سفر کر رہے تھے، تاہم اس دوران ان سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نوشکی خاران روڈ پر مسلح افراد کی جانب سے ڈپٹی کمشنر خاران اور ان کے محافظوں کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا ہے۔ تاہم پولیس نے تاحال ڈپٹی کمشنر اور ان کے دونوں محافظوں کے اغوا کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈپٹی کمشنر سے رابطے کی مسلسل کوششیں جاری ہیں، جبکہ ان کی موجودگی اور ممکنہ طور پر پیش آنے والے واقعے کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر خاران کی تلاش کے لیے نوشکی، خاران اور چاغی پولیس کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ اضلاع کی پولیس ٹیمیں مختلف مقامات پر تلاش اور معلومات کے حصول کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں۔


