شال(ہمگام نیوز) بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6371ویں روز بھی جاری.
کامریڈ منظور نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کر کے اظہار یکجہتی کیا
اس موقع پر مورو مری نے کہا کہ داد محمد مری اور صالح محمد مری کو 23 مارچ 2013 کو پرانے بس اڈہ کوئٹہ سے سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ لواحقین اپنے پیاروں کی باحفاظت بازیابی اور انصاف کے حصول کے لیے متعلقہ اداروں اور اعلیٰ حکام سے متعدد بار رجوع کرچکے ہیں اور ہر ماہ وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ میں بھی اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں، لیکن تاحال ان کے پیاروں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ داد محمد مری اور صالح محمد مری کی باحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے اور ان کے اہلخانہ کو طویل اذیت سے نجات دلائی جائے۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ جبری گمشدگیاں آئین اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ داد محمد مری، صالح محمد مری سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنائی جائے، جبکہ جن افراد پر کوئی الزام ہے انہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگیوں کے مکمل سدباب کے لیے ملکی قوانین اور آئینی تقاضوں کے مطابق عملی اقدامات کیے جائیں۔


