Homeخبریںداد شاہ کی جبری گمشدگی کو چھ ماہ مکمل، عدم بازیابی پر...

داد شاہ کی جبری گمشدگی کو چھ ماہ مکمل، عدم بازیابی پر تشویش، فوری رہائی کا مطالبہ ۔وی بی ایم پی

شال ( ہمگام نیوز ) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) نے داد شاہ کی جبری گمشدگی کو چھ ماہ مکمل ہونے کے باوجود ان کی عدم بازیابی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ داد شاہ کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔

وی بی ایم پی نے کہا کہ کسی شہری کو قانونی جواز اور آئینی تقاضے پورے کیے بغیر حراست میں لینا بنیادی انسانی حقوق اور آئین میں دیے گئے تحفظات کی خلاف ورزی ہے۔ اگر داد شاہ پر کوئی الزام ہے تو انہیں قانون کے مطابق متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے، تاکہ انہیں صفائی کا موقع ملے اور ان کے مقدمے کا فیصلہ قانونی طریقۂ کار کے تحت ہو۔

بیان میں کہا گیا کہ داد شاہ کی چھ ماہ سے جاری جبری گمشدگی نے ان کے خاندان کو شدید ذہنی اذیت اور بے یقینی سے دوچار کر رکھا ہے۔ اپنے پیارے کے بارے میں کسی قسم کی معلومات نہ ملنا لواحقین کے لیے مسلسل کرب کا باعث ہے۔ حکومت اور انصاف کے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خاندان کی فریاد کا نوٹس لیں، داد شاہ کے بارے میں معلومات فراہم کریں اور ان کی بحفاظت بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

وی بی ایم پی نے واضح کیا کہ شہریوں کی آزادی، تحفظ اور منصفانہ قانونی کارروائی کو یقینی بنانا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ کسی بھی شہری کو غیر معینہ مدت تک لاپتہ رکھنا اور اس کے اہلِ خانہ کو لاعلمی میں مبتلا رکھنا قانون کی حکمرانی اور انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔

وی بی ایم پی نے حکومت، عدلیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ داد شاہ کی جبری گمشدگی کا فوری نوٹس لے کر انہیں بازیاب کرایا جائے۔ اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ یا الزام موجود ہے تو انہیں عدالت میں پیش کرکے آئین اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، تاکہ ان کے خاندان کو انصاف مل سکے اور وہ طویل اذیت سے نجات حاصل کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز