مستونگ (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے شہر مستونگ میں مقامی صحافی نیاز بلوچ کو قابص پاکستانی فورسز کی جانب سے ان کے گھر پر چھاپے کے دوران حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ رات قابض پاکستانی فورسز نے مستونگ میں صحافی نیاز بلوچ کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں اہلِ خانہ کے سامنے حراست میں لے کر اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے بعد سے صحافی نیاز بلوچ کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں کہ انہیں کہاں منتقل کیا گیا ہے اور وہ کس حال میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیاز بلوچ کی حراست کے بعد ان کے اہلِ خانہ اور قریبی عزیز و اقارب شدید پریشانی اور تشویش میں مبتلا ہیں۔ اہلِ خانہ کو تاحال ان کی موجودگی، خیریت اور ممکنہ مقامِ حراست کے حوالے سے کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔


