بندر عباس (ہمگام نیوز) ایرانی مقبوضہ بلوچستان شہر بندر عباس میں 11 نومبر 2026 بروز بدھ علی الصبح تھانہ نمبر 12 اور 13 کے پولیس اہلکاروں کی جانب سے تیل بردار گاڑی (سوختبر) کا تعاقب اور فائرنگ کیے جانے کے دوران ایک خوفناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔
اطلاعات کے مطابق، پولیس اہلکار ایک سمند گاڑی میں سوار سوختبر کا تعاقب کر رہے تھے اور اس دوران مبینہ طور پر فائرنگ بھی کی گئی۔ پولیس سے بچنے کی کوشش میں گاڑی کے ڈرائیور نے رجائی ہائی وے پر مخالف سمت میں گاڑی داخل کر دی، جہاں سامنے سے آنے والی ایک دوسری گاڑی سے اس کا خوفناک تصادم ہوگیا۔
دوسری گاڑی میں ایک ہی خاندان کے افراد سوار تھے۔ تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ایک سوختبر اور دوسری گاڑی میں سوار ایک ہی خاندان کے تین افراد سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والے سوختبر کی شناخت سعید کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دوسری گاڑی میں سوار تین افراد کی شناخت مبین، آرش اور مصطفیٰ کے ناموں سے کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ حادثہ رات تقریباً 2 بجے پیش آیا۔ پولیس اہلکاروں کے تعاقب کے دوران سمند گاڑی کے ڈرائیور نے گرفتاری سے بچنے کے لیے شہید رجائی ہائی وے پر مخالف سمت میں گاڑی چلانا شروع کر دی۔ اسی دوران سامنے سے آنے والی گاڑی سے اس کا براہ راست تصادم ہوگیا، جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں دوسری گاڑی کے تین افراد اور تیل بردار گاڑی میں سوار ایک شخص آگ کے شعلوں میں پھنس کر جان کی بازی ہار گئے۔


