مستونگ ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے ضلع مستونگ سے اطلاعات کے مطابق رات گئے سنگر ریلوے پھاٹک کے مقام پر پاکستانی فورسز کے مبینہ ڈرون حملے میں تین مقامی افراد زخمی ہوگئے۔
واقعے کے فوری بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ افراد ریلوے پھاٹک کے قریب گھریلو گیس کے حصول کے لیے پائپ لائن میں سوراخ کررہے تھے کہ اس دوران قریب واقع ایف سی کیمپ سے انہیں ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کے حوالے سے تاحال فورسز حکام کی جانب سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ مستونگ اور گردونواح میں پاکستانی فورسز کی جانب سے فضائی کارروائیوں، بشمول ڈرون حملوں، میں اب تک متعدد شہری اور گھر نشانہ بن چکے ہیں۔
اس واقعے سے قبل گزشتہ روز مستونگ کے علاقے گرگینہ میں پاکستانی فورسز کے آپریشن کے دوران آبادیوں پر مارٹر گولے گرنے سے نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جبکہ گزشتہ ماہ اکتوبر میں پاکستانی فورسز کے ایک ڈرون حملے میں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ کے رہائشی دو افراد، جاوید حماد ولد شیر محمد شاہوانی اور اللہ بخش ولد کبیر حماد، شدید زخمی ہوئے تھے۔


