پنجشنبه, نوومبر 28, 2024
Homeخبریںجلد جوہری ہتھیار کا تجربہ کریں گے، کِم یونگ اُن

جلد جوہری ہتھیار کا تجربہ کریں گے، کِم یونگ اُن

ہمگام نیوز:شِمالی کوریا کے رہنما کِم یونگ اُن نے کہا ہے کہ ان کا ملک جلد ایک ایسے جوہری ہتھیار کا تجربہ کرے گا جسے جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل پر نصب کیا جا سکے گا۔یہ بات شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی KCNA نے بتائی ہے۔ شمالی کوریا کی طرف سے یہ تجربہ اقوام متحدہ کی ان قراردادوں کی براہ راست خلاف ورزی ہو گا جنہیں شمالی کوریا کے سب سے بڑے حامی ملک چین کی حمایت بھی حاصل ہے۔
KCNA کے مطابق کِم یونگ اُن کا یہ بیان ایک سیمولیٹڈ یا کمپیوٹر پر کیے جانے والے کامیاب تجربے کے مشاہدے کے موقع پر دیا گیا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق، ’’جوہری حملے کی صلاحیت بہتر کرنے کے لیے ایک نیوکلیئر وارہیڈ کا دھماکا اور مختلف طرح کے بیلاسٹک میزائلوں کے تجربات بہت کم دورانیے میں کرنے کے لیے کِم یونگ اُن نے متعلقہ افراد کو تمام تر جزئیات کے ساتھ تیاریاں کرنے کی ہدایت کی۔‘‘
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کی طرف سے کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی نیوکلیئر ٹیسٹ سائٹ یا اس کی لانگ رینج میزائلوں کے تجربات کے مقام پر کسی طرح کی تیاریاں نہیں دیکھی جا رہیں، تاہم شمالی کوریا کی طرف سے بار بار کہا جا رہا ہے کہ وہ جوہری تجربے کے لیے بالکل تیار ہے۔
جنوبی کوریا کی صدر پارک گُن ہے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اگر شمالی کوریا نے اپنے راہ نہ بدلی اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ تصادم کا سلسلہ جاری رکھا تو وہ خود کو ہی تباہ کر لے گا۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے شمالی کوریا کے خلاف رواں ماہ لگائی جانے والی نئی پابندیوں کے بعد اس کمیونسٹ ریاست کی طرف سے تقریباﹰ روز ہی جنگجویانہ بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ سلامتی کونسل کی طرف سے پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ شمالی کوریا کی طرف سے رواں برس جنوری میں ایک جوہری تجربے اور فروری میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے ایک میزائل کے تجربے کے بعد کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں

فیچرز