ڈیرہ غازی خان(ہمگام نیوز) راجن پور کے کچے کے علاقے میں ’چھوٹو گینگ‘ کے خلاف گزشتہ کئی دنوں سے جاری آپریشن ’ضرب آہان‘ آپریشن میں پولیس کی ناکامی پر فوج کو طلب کرلیا گیا۔پولیس عہدیدار کے مطابق یہ تازہ صورتحال وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے راجن پور کی تحصیل روجھان میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف ملٹری آپریشن کی منظوری کے بعد سامنے آئی۔ اس مقصد کے لیے اوکاڑہ سے آرمی کی بٹالین اور اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کی دو پلاٹونز کو طلب کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر ہونے والے مشترکہ فوجی آپریشن میں رینجرز کے پیراٹروپرز بھی پولیس اور فوجی اہلکاروں کے ہمراہ حصہ لیں گے۔پولیس عہدیدار نے کہا کہ فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ گینگ کی جانب سے ایلیٹ پولیس کے ایس ایس اجی کمانڈوز سمیت 24 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے اور کئی دنوں سے جاری آپریشن میں 6 اہلکاروں کی ہلاکت کی رپورٹس کے بعد کیا گیا۔واضح رہے کہ پولیس اور چھوٹو گینگ کے درمیان کئی دنوں سے جاری اس رسہ کشی میں اس وقت شدت آگئی جب مجرمان نے 4 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرکے انتظامیہ کو ان کی لاشیں اس دھمکی کے ساتھ حوالے کیں کہ اگر انہیں محفوظ راستہ نہ دیا گیا تو وہ دیگر 24 اہلکاروں کو بھی ہلاک کردیں گے۔