کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کا بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار میں یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔اجلاس کی صدارت مرکزی صدر رشید کریم بلوچ نے کی جبکہ اجلاس کے مہمان خاص نائب صدر شان بلوچ تھے۔اجلاس سے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری قومی ذمہ داری بنتی ہے کی تعلیم جیسی بنیادی ضروریات سے فیض یاب ہوکر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کریں۔آج اکیسیویں صدی میں بلوچستان میں تعلیمی نظام جس پسماندگی کا شکار ہے اسکی کہیں مثال نہیں ملتی ۔ہمیں چاہیئے کہ بلوچستان میں ایک صحت مند تعلیمی ماحول پیدا کرنے کیلئے اپنی توجہ اس جانب مرکوز کریں کیونکہ کہ معاشرے کے اندر ایک اسٹوڈنٹس طبقہ ہونے کی حیثیت سے ہم اپنے سماج کے رہنماء تصور کئے جاتے ہیں ۔یہ ہم پر انحصار کرتا ہے کہ ہم کیسے اپنی سوسائٹی کی بہتری کیلئے اقدامات کرتے ہیں ۔رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان میں اگر ہم تعلیمی اداروں میں موجود نظام کا جائزہ لیں تو نہ ہونے کے برابر ہے۔تعلیمی محکموں میں کرپشن اپنے عروج پر ہے کالجوں و سکولوں میں اسٹاف ڈیوٹی سے قاصر ہیں اور گھر بیٹھے تنخواہ وصول کرکے طلباء و طالبات کی کیریئر کو تباہ و برباد کررہے ہیں ۔اس ضمن میں ہم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ مستقبل قریب میں تعلیمی نظام کو لاحق خطرات سے بچانے کیلئے اپنی کردار ادا کریں ۔آخر میں آئندہ لائحہ میں آرگنائزنگ باڈی تشکیل دی گئی جس میں یونٹ آرگنائزر محبت خان مری،ڈپٹی یونٹ آرگنائزر عبدالغفور بلوچ جبکہ بابر بلوچ آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے۔اس دوران نئی منتخب عہدیداروں نے عہد کیا کہ وہ خضدار یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں بی ایس اے سی کو فعال کرنے میں شب روز محنت کریں گے۔