سرینگر (ہمگام نیوز)بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں سنٹرل ریزرو پولیس فورسز کے قافلے پر خودکش حملے میں آٹھ نیم فوجی اور دو شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ سنیچر کی شام سرینگر سے جنوب کی جانب پندرہ کلومیٹر دُور پام پورہ کے فریصتا بل علاقہ میں ہوا۔ پولیس کے مطابق جب نیم فوجی سینٹرل ریزرو پولیس فورسز یا سی آر پی ایف کی چھ گاڑیوں پر مشتمل ایک قافلہ جنوبی کشمیر کے ایک ٹریننگ مرکز سے سرینگر کی طرف آ رہا تھا تو ایک کار سے دو مسلح حملہ آوروں نے قافلے میں شامل ایک بس پر فائرنگ کی۔بس میں سی آر پی ایف کے افسر اور جوان سوار تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ میں آٹھ فورسز اہلکار ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل نیلین پربھات نے بتایا کہ یہ ایک منصوبہ بند خودکش حملہ تھا اور دونوں حملہ آور ’پاکستانی شہری‘ ہیں۔
فائرنگ میں بس کے اگلے دو پہیے بلاسٹ ہوگئے جس کے بعد حملہ آوروں نے بس کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ وہاں موجود سی آر پی ایف کے ہی گشتی دستے نے ان پر فائرنگ کرکے انھیں ہلاک کر دیا۔
مسٹر پربھات نے کہا: ’مارے گئے دونوں حملہ آور پاکستانی شہری ہیں اور ان کا تعلق مسلح گروپ لشکر طیبہ کے ساتھ ہے۔‘


