دہلی (ہمگام نیوز)بھارت نے پاکستان کے خلاف انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں درخواست دائر کر دی ہے۔ بھارت نے الزام عائد کیا ہےکہ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کے کیس میں ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے۔انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس نے ايک پريس ريليز کے ذريعے اس امر کی تصديق کر دی ہے کہ بھارت نے اپنے شہری کلبھوشن سدھیر یادیو کی کونسلر رسائی کے معاملے پر پاکستان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر ديا ہے۔ یادیوکو پاکستان کی فوجی عدالت سزائے موت سنا چکی ہے۔ اس بیان میں لکھا ہے کہ نئی دہلی کا موقف ہے کہ پاکستان نے بھارت کو یادیو کی گرفتاری کے بارے میں کافی دیر سے آگاہ کیا تھا اور اسے اپنے حقوق سے محروم رکھا گیا۔ یہ الزام بھی عائد کیا گيا ہے کہ بھارتی حکام کی کئی درخواستوں کے باوجود یادیو تک کونسلر رسائی کی اجازت نہيں ديتے ہوئے پاکستان نے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے۔
قبل ازيں بھارت نے اپنی تحريری درخواست میں لکھا تھا،’’یادیو کو ایران سے اغواء کیا گیا تھا جہاں وہ بھارتی نیوی سے ریٹائر ہونے کے بعد کاروبار کر رہا تھا۔ بعد میں یہ بتایا گیا کہ اسے تین مارچ سن 2016 کو بلوچستان سے حراست میں لیا گیا۔ بھارتی حکام کو اس کی حراست کے بارے میں 25 مارچ سن 2016 کو آگاہ کیا گیا۔‘‘