برلن(ہمگام نیوز) جرمن حکومت برلن میں شمالی کوریائی سفارت خانے کی اقتصادی سرگرمیوں کو انتہائی حد تک محدود کر دینا چاہتی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے چند جرمن اداروں کی ایک مشترکہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیونگ یانگ کی جانب سے مسلسل دی جانے والی جوہری دھمکیوں کی وجہ سے یہ تادیبی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس پابندی کا مقصد برلن میں شمالی کوریا کے سفارت خانے کے احاطے میں موجود ایک ہوسٹل اور ایک کانگریس سینٹر کو بند کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان دونوں عمارتوں کو کرائے پر دے کر سفارت خانے کو ہزاروں یورو ماہانہ کی آمدنی ہو رہی ہے، جو غیر ملکی زر مبادلہ کمانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔