دی ہیگ(ہمگام نیوز)اقوام متحدہ کی اعلیٰ عدالت انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) نے پاکستان کو بھارتی شہری کلبھوشن یادیو کی پھانسی روک دینے کا حکم دیا ہے۔ عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مبینہ بھارتی باشندہ کلبھوشن کا معاملہ اس عدالت کے دائرہ کار میں آتا ہے۔
نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق بین الاقوامی عدالت انصاف نے کہا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے یہ دلائل بھی سنے گی کہ آیا پاکستان نے اس بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے تحت ان غیر ملکیوں کو سفارتی مدد دی جا سکتی ہے جو سنگین جرائم میں ملوث رہے ہوں۔ عدالت نے اپنے عبوری فیصلے میں پاکستان کا یہ موقف مسترد کر دیا کہ اس عدالت کا دائرہ کار محدود ہے اور یہ کہ کلبھوشن یادیو کا معاملہ اس عدالت میں نہیں لایا جا سکتا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ بین الاقوامی عدالت کلبھوشن کے معاملے کی سماعت کا اختیار رکھتی ہے۔
اس عدالت کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق، ’’بین الاقوامی عدالت انصاف نے پاکستان کو کہا ہے کہ وہ فوری طور پر ایسے تمام اقدامات کرے، جن کی مدد سے بھارتی شہری کلبھوشن یادیو کو سزائے موت دیے جانے کو اس عدالت کے تفصیلی فیصلے تک روکا جا سکے۔‘‘