کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان گہرام بلوچ نے کہا کہ آٹھ جون کو مغربی بلوچستان کے شہر آشار سرباز میں پاکستانی خفیہ اداروں اور اس کے مذہبی شدت پسند اور ڈیتھ اسکواڈ نے فائرنگ کرکے بی ایل ایف کے کمانڈر عابد زعمرانی عرف بشام بلوچ کو شہیدکیا۔ ہم انہیں خراج عقیدت اور سرخ سلام پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے اپنی زندگی بلوچ قوم اور قومی تحریک آزادی کیلئے وقف کر دی تھی۔ وہ چودہ سالوں سے بلوچ قومی تحریک اور بی ایل ایف سے وابستہ تھے۔ حالیہ دنوں وہ اپنے رشتہ داروں سے ملنے مغربی بلوچستان گئے ہوئے تھے۔ بلوچستان کی سرحدوں پر رہنے والے بلوچوں کے مغربی اور مشرقی بلوچستان میں رشتہ داریاں اور تعلقات ابھی تک قائم ہیں، جہاں آمد و رفت معمول کاحصہ ہے۔ ایک اہم کمانڈر کی مغربی بلوچستان میں موجودگی کی خبر سے پاکستانی فنڈڈ مذہبی شدت پسندوں اور ڈیتھ اسکواڈ نے فائدہ اُٹھا کر عابد زعمرانی کوشہید کیا۔ اس کے پیچھے ہاتھ اور محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کی شہادت میں ملوث اشخاص کا سراغ لگا کر ان کے خلاف عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ عابد زعمرانی سرفیس سیاست سے لیکر مسلح جد وجہد واپنی شاعری کے ذریعے بھی بلوچ قومی خدمت میں پیش پیش رہے۔ ان کی خدمات و قربانیوں کو بلوچ قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔