سه شنبه, نوومبر 26, 2024
Homeخبریںپاکستان نے اپنے رؤے کو تبدیل نہ کیا تو امریکی مراعات کھو...

پاکستان نے اپنے رؤے کو تبدیل نہ کیا تو امریکی مراعات کھو سکتا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ

واشنگٹن(ہمگام نیوز) امریکہ کے وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے پاکستان پر افغان طالبان کی مبینہ حمایت پر مزید دباؤ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت اپنے رویے میں تبدیلی لانے میں ناکام رہتی ہے تو امریکی مراعات کھو سکتی ہے۔ پاکستان اپنی سرزمین پر افغان طالبان کی محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی کی سختی سے تردید کرتا ہے اور صدر ٹرمپ کے پالیسی بیان کے ردعمل میں پاکستانی دفتر خارجہ نے تفصیلی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ محفوظ پناہ گاہوں کے جھوٹے بیانیے کے بجائے امریکہ کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بیان میں صدر ٹرمپ کی پالیسی کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 24 اگست کو قومی سلامتی کا اجلاس منعقد ہو گا جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی پالیسی پر تفصیلی غور کے بعد جامع پالیسی بیان جاری کیا جائے گا۔ دوسری جانب واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے پاکستان کو نیٹو اتحاد سے باہر پاکستان کو خصوصی اتحادی کا درجہ حاصل ہونے اور اربوں ڈالر کی فوجی امداد حاصل کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ’ان معاملات کو میز پر بات چیت کے لیے لایا جا سکتا ہے اگر حقیقت میں وہ( پاکستان) اپنے رویے میں تبدیلی نہیں لاتا یا ان متعدد دہشت گرد تنظیموں سے نمٹنے کی حکمت عملی کو تبدیل نہیں کرتا جنھیں پاکستان میں محفوظ پناہ گاہیں حاصل ہیں۔’ انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے مفاد میں ہے کہ یہ اقدامات کرے۔ امریکی وزیر خارجہ نے افغانستان میں نہ امریکہ اور نہ ہی طالبان جنگ جیت سکتے ہیں اور کسی پوائنٹ پر امن بات چیت ہو سکتی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے امن بات چیت میں پاکستان کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان طالبان کو بات چیت کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے تاہم اسے افغانستان میں حملے کرنے والے عسکریت پسند گروپوں کو محفوظ پناہ گاہیں دینا بند کرنا ہو گا۔ پاکستان کے جوہری پروگرام پر بات کرتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ’ ایک مستحکم پاکستان امریکہ اور دیگر ممالک کے مفاد میں ہے۔ وہ جوہری طاقت ہے اور ہمیں اس کے ہتھیاروں کی سکیورٹی پر تحفظات ہیں۔’ اس سے پہلے پیر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دور صدارت میں جنوبی ایشیا کے بارے میں اپنے پہلے خطاب میں پاکستان کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ ‘اب پاکستان میں دہشت گردوں کی قائم پناہ گاہوں کے معاملے پر مزید خاموش نہیں رہ سکتا۔’ اس کے جواب میں چین نے پاکستان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی کوششوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز