سه شنبه, نوومبر 26, 2024
Homeخبریںشمالی کوریا کا خطرے کا جواب بھر پور فوجی طاقت سے دیا...

شمالی کوریا کا خطرے کا جواب بھر پور فوجی طاقت سے دیا جائیگا۔ امریکی وزارت دفاع۔

واشنگٹن(ہمگام نیوز) امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ امریکی یا اس کے اتحادیوں کو شمالی کوریا کی جانب سے کسی بھی خطرے کا سامنا بھرپور فوجی قوت سے کیا جائے گا۔ جیمز میٹس کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نیشنل سکیورٹی بریفنگ کے بعد سامنے آیا ہے۔ شمالی کوریا نے اتوار کو جوہری ہتھیار کا کامیاب تجربہ کیا جو دور تک مار کرنے والے میزائل پر نصب کیا جا سکتا ہے۔ پیانگ یانگ کا کہنا ہے کہ اس نے ایک ایسے ہائیڈروجن بم کا تجربہ کیا ہے جو ایک ایٹمی بم سے کئی گنا زیادہ طاقتور ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے تجربے کو عالمی سطح پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ جیمز میٹس نے وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘امریکہ اپنے اور اپنے اتحادیوں جنوبی کوریا اور جاپان کے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے’۔انھوں نے مزید کہا ‘امریکہ یا اس کے کسی بھی علاقے بشمول گوام یا ہمارے اتحادیوں کو کسی بھی خطرے کا جواب بھرپور فوجی قوت سے دیا جائے گا اور یہ جواب بااثر اور شدید ہو گا۔’اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پیر کے روز ایمرجنسی اجلاس میں شمالی کوریا کے جوہری ٹیسٹ پر عالمی ردعمل کے حوالے سے بحث کرے گی۔ دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے متنبہ کیا ہے کہ امریکہ ایسے ملک کے ساتھ تجارت کو بند کر دے گا جو شمالی کوریا کے ساتھ کاروبار کرتا ہے۔ اس سے پہلے شمالی کوریا میں زیر زمین وسیع پیمانے پر آنے والے جھٹکے کے بعد جاپان کا کہنا ہے کہ یہ شمالی کوریا کا چھٹا جوہری تجربہ تھا۔ امریکی زلزلہ پیماؤں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے شمال مشرقی علاقے میں 6.3 شدت کے زلزلے کا پتہ چلا ہے جو کہ ممکنہ طور پر جوہری دھماکہ ہو سکتا ہے۔ یہ زلزلہ اس علاقے میں محسوس کیا گیا ہے جہاں شمالی کوریا نے اپنے سابقہ جوہری تجربات کیے تھے۔ یہ زلزہ شمالی کوریا کےسرکاری میڈیا میں رہنما کم جونگ ان کی تصویر کے جاری کیے جانے کے بعد ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں وہ ایک نئے قسم کے ہائیڈروجن بم کا معائنہ کر رہے ہیں۔ جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ زلزلہ کلجو کاؤنٹی میں آیا ہے جوکہ شمالی کوریا کے جوہری تجربات کا مقام پنگیئی ری ہے۔ جنوبی کوریا کے فوجی سربراہوں نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے ‘بظاہر’ جوہری تجربہ کیا ہے۔ چین میں زلزلے پر نظر رکھنے والی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ یہ کوئی دھماکہ ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ پہلے زلزلے کے بعد اسے ایک دوسرے زلزلے کا پتہ چلا ہے جو کہ 4.6 شدت کا تھا اور اسے انھوں نے ‘دھنسنے’ سے تعبیر کیا ہے۔ امریکہ کے جیولوجیکل سروے کی ابتدائی رپورٹ میں زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ پانچ بتائی گئی تھی جسے بعد میں درست کرکے 6.3 کردیا گيا تھا اور اس کا زمین کے دس کلو میٹر اندر بتایا گيا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز