موغادیشو(ہمگام نیوز) الشباب کے عسکریت پسندوں نے صومالیہ کے ایک فوجی مرکز پر خودکش کار بم حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم ازکم 7 فوجی ہلاک ہو گئے۔ یہ حملہ شمال کے کسمانو علاقے کے ایک اہم شہر میں ہوا۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے اتوار کی صبح بلوگوڈوڈ کے قصبے میں واقع فوجی مرکز کے داخلی گیٹ کو خود کش کار بم دھماکوں کے ذریعے اڑا دیا جس کے بعد بھاری ہتھیاروں سے مسلح عسکریت پسندوں نے مرکز پر حملہ کر دیا۔ جوبالینڈ کی علاقائی انتظامیہ کے ایک ترجمان عبدالناصر صرار نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اس حملے میں 10 سے زیادہ فوجی زخمی بھی ہوئے۔ الشباب نے دعوی کیا ہے کہ ان کے حملے میں 26 فوجی ہلاک ہوئے اور انہوں نے کئی سرکاری گاڑیوں اور گولا بارود اور ہتھیاروں کی ایک بڑی مقدار پر قبضہ کر لیا۔ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کی جاسکی۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ یہ جھڑپ دو گھنٹوں تک جاری رہی کیوں کہ مدد کے کسمایو سے جو کمک بھیجی گئی تھی ، وہ بھی اچانک حملے کی زد میں آگئی۔ فوجی ذرائع نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ الشباب کے عسکریت پسند فوجی مرکز کے اندر گھسنے میں کامیاب ہوگئے جب کہ ترجمان نے اس کی تردید کی ہے۔