واشنگٹن(ہمگام نیوز) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ اگر ایران نے ایٹمی ہتھیار کیے تو سعودی عرب بھی ایسے ہتھیار بنائے گا۔واشنگٹن میں امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس کو ایک انٹرویو میں سعودی ولی عہد نے مشرق وسطیٰ میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کا عندیہ دیا
انھوں نے کہا کہ ’سعودی عرب جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنا چاہتا لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر ایران نے ایٹمی بم بنایا تو تو ہم بھی جلد سے جلد ایسا کریں گے۔‘
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد کا یہ انٹرویو اتوار کو نشر ہوگا
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اب دونوں امریکہ کے دورے پر ہیں، جہاں وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔یاد رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔محمد بن سلمان جو سعودی وزیر دفاع بھی ہیں نے گذشتہ سال کہا تھا کہ سعودی عرب اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ریاض اور تہران کے درمیان مستقبل میں کسی قسم کا تصادم ہوا تو وہ ایران میں لڑا جائے گا۔
اس بیان کے جواب میں ایران نے کہا تھا کہ ایران سعودی عرب کے شہروں کو نشانہ بنائے گا ماسوائے مکہ اور مدینہ کے۔واضح رہے کہ سعودی عرب عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان 2015 میں ہونے والے جوہری معاہدے کے حق میں نہیں ہے۔ اس معاہدے کے بعد ایران پر لگنے والی پابندیاں اٹھا لی گئی تھیں۔