کابل (ہمگام نیوز )افغانستان کے صوبے تخار میں طالبان نے تقریباً 170 ’مسافروں‘ کو اغوا کرلیا۔
خامہ پریس میں شائع رپورٹ کے مطابق افغانستان کے سیکیورٹی ڈائریکٹربرائے قندوز سیف اللہ مہزون نے تصدیق کی کہ ضلع خان آباد سے متصل ہائی وے کے پاس مسافروں کو اغوا کیا گیا۔
دوسری جانب کابل حکام کا دعویٰ ہے کہ افغان فورسز اغوا ہونے والے مسافروں کی بازیابی کے لیے آپریشن میں مصروف ہیں۔سیکیورٹی ڈائریکٹر کے مطابق مسافر صوبہ کابل جارہے تھے کہ جب انہیں طالبان نے اغوا کیا۔
اس ضمن میں انہوں نے مزید معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا جبکہ مقامی ذرائع نے بتایا کہ تقریباً 170 لوگ 3 بسوں میں سفر کررہے تھے اور اسی دوران انہیں اغوا کیا گیا۔
واضح رہے کہ طالبان یا دیگر جنگجو تنظیموں کی طرف سے تاحال واقعے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔


