چهارشنبه, مارچ 11, 2026
Homeخبریںپاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں بدستور موجود ہیں: امریکہ

پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں بدستور موجود ہیں: امریکہ

واشنگٹن ( ہمگام نیوز ) ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کی حکومت پر زور دے رہا ہے کہ وہ ان دہشت گرد تنظیموں پر دباؤ بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کرے جن کے اہداف ان کے بقول “پاکستان سے باہر ہیں ۔”

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستانی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔امریکی محکمۂ خارجہ کی اعلیٰ عہدیدار ایلس ویلز نے پیر کو واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس حقیقت پر پہلے بھی تشویش کا اظہار کرچکا ہے کہ دہشت گرد گروہوں کو پاکستان کی سرزمین پر بدستور محفوظ پناہ گاہیں حاصل ہیں۔

ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کی حکومت پر زور دے رہا ہے کہ وہ ان دہشت گرد تنظیموں پر دباؤ بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کرے جن کے اہداف ان کے بقول “پاکستان سے باہر ہیں ۔”

ایلس ویلز نے یہ بیان پیر کو واشنگٹن ڈی سی میں واقع فارن پریس سینٹر میں ‘بحرِ ہند کے خطے میں امریکی پالیسی’ کے عنوان سے ہونے والی ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب میں دیا۔

ایلس ویلز امریکی محکمۂ خارجہ میں جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کی نگران ہیں اور حالیہ چند ماہ کے دوران کئی بار پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔

افغانستان اور خطے میں سکیورٹی کی صورتِ حال سے متعلق ایک سوال پر ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتِ حال میں بہتری کے لیے پاکستان کا کردار بہت بنیادی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان پر زور دیتا آیا ہے کہ وہ یا تو طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے سخت اقدامات کرے یا پھر انہیں اپنی سرزمین سے بے دخل کرکے واپس افغانستان جانے پر مجبور کرے۔

امریکہ اور افغانستان ماضی میں بھی کئی بار پاکستان میں افغان شدت پسندوں کی پناہ گاہوں کی موجودگی کا الزام عائد کرچکے ہیں جو ان کے بقول سرحد پار کرکے افغانستان میں حملے کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز