بغداد(ہمگام نیوز ویب ڈیسک ) اطلاعات کے مطابق عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں مشتعل مظاہرین نے اپنے ملک کی بدامنی میں ایرانی پالیسیز کے خلاف غصے کے طور پر ایرانی قونصل خانے پردھاوا بول کر اس کی عمارت کو آگ لگا دی۔ مظاہرین نے قونصل خانے سے ایرانی پرچم اتار کر اس کی جگہ عراقی پرچم لہرا دیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز بھی بصرہ میں کشیدگی برقرار رہی۔ پولیس کی فائرنگ سے مزید ایک احتجاجی جانبحق ، اور 11 زخمی ہوگئے جس کے بعد گذشتہ ایک ہفتے کے دوران بصرہ میں جانبحق ہونے والے مظاہرین کی تعداد 10 تک جا پہنچی ہے۔بصرہ میں جمعہ کے روز مشتعل مظاہرین نے ایرانی قونصل خانے پردھاوا بول دیا اور عمارت میں گھس کر اسے آگ لگا دی۔ مشتعل مظاہرین نے قونصل خانے کی عمارت پر چڑھ کر ایرانی پرچم اتار کر پاؤں تلے روندا ڈالا۔ دوسری جانب ایران نے بصرہ میں اپنے قونصل خانے کے نذرآتش کیے جانے کا اعتراف کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ مشتعل ہجوم نے بصرہ میں اس کے سفارتی عملے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے قونصل خانے پر حملہ کرنے والے افراد کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا اور اعتراف کیا کہ قونصل خانے پر حملے کے نتیجے میں عمارت اور دفاتر کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔