جمعه, اکتوبر 11, 2024
Homeخبریںخاران میں پاکستانی فوج اور خفیہ اداروں کا یلغار جاری ہے:بی این...

خاران میں پاکستانی فوج اور خفیہ اداروں کا یلغار جاری ہے:بی این ایم

کوئٹہ(ہمگام نیوز) بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے خاران کے شہری علاقوں پر پاکستانی فوج اور خفیہ اداروں کا یلغار جاری ہے ،گزشتہ تین دنوں سے آپریشن کے تازہ لہر میں پاکستانی فوج اور خفیہ اداروں کی خاران شہر کے مختلف علاقے مزارزئی محلہ ،واپڈا کالونی ،کبدانی محلہ ،شیخ محلہ میں بربریت جاری ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ فوج مسلسل چھاپوں کے دوران خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنارہاہے ،گھروں میں توڑپھوڑ اورقیمتی اشیاء کا لوٹ مار ایک معمول بن چکاہے ۔آج فوج اور خفیہ داروں نے مولابخش کے گھرپر چھاپے کے دوران گھر میں موجود خواتین کو مسلسل چار گھنٹوں تک یرغمال بناکر شدید ذہنی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گھرمیں لوٹ مچائی،خاران کے بیشتر شہری علاقوں میں آپریشن کے دوران یہی صورت حال ہے ،خواتین اور بچوں پر تشدد ایک مسلسل عمل اختیار کرچکاہے جبکہ گھروں میں لوٹ مار پاکستانی فوج کا شیوہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ریاست اور فوج عالمی قوانین اور اقدار کو پاؤں تلے روندکر بلوچستان کے طول و عرض میں بلوچ قوم کی خون سے ہولی کھیل رہاہے ،بلوچ فرزندوں کو ہزاروں میں شہید اور لاپتہ کیاجارہاہے ۔گھروں کو نذرآتش کیاجارہاہے ،چادراورچاردیواری کی پامالی معمول بن چکاہے۔لیکن یہ تمام مظالم بلوچ قوم کو قابض کے سامنے جھکانے میں ناکام ہوچکے ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ قوموں کو ایسے مظالم اور درندگی سے کبھی نہیں جھکایاجاسکتاہے۔

ترجمان نے ذمہ دار عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ خاران سمیت بلوچستان میں جاری پاکستان کی درندگی اور حیوانیت کا نوٹس لے کر عملی اقدامات اٹھائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری اور ذمہ دار اداروں کی خاموشی اور غفلت کو استثنیٰ کے طورپر استعمال کرکے روز افزوں بلوچ سرزمین پر جاری درندگی اور حیوانیت میں اضافہ کررہا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز