دوشنبه, اکتوبر 7, 2024
Homeخبریںافغان طالبان نے امریکی نمائندہ زلمےخلیل زاد سے قطر میں ملاقات کی...

افغان طالبان نے امریکی نمائندہ زلمےخلیل زاد سے قطر میں ملاقات کی تصدیق کی

واشنگٹن (ہمگام نیوز ڈیسک) امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی وفد کی طالبان سے ملاقات ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے 17 سالہ افغان جنگ کو ختم کرنے کے لیے راستے تلاش کرنے کی کوششوں کے نتیجے میں ہوئی۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی خصوصی نماہندہ زلمے خلیل زاد کی طالبان رہنماؤں کے ساتھ چار ماہ میں یہ دوسری براہ راست ملاقات ہے۔

زلمے خلیل زاد کا بطور امریکی نمائندہ برائے افغان امن عمل یہ پہلا دورہ ہے اور اپنے 11 روزہ دورے کے دوران وہ افغانستان، پاکستان، متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب جائینگے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ڈپٹی سیکرٹری اسسٹنٹ برائے وسطی ایشیا ایلس ویلز نے بھی رواں برس جولائی میں دوحہ میں طالبان رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔

خیال رہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے 11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ ٹاور پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں افغانستان پر حملہ کر کے طالبان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔

امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے افغانستان پر حملے کے بعد سے افغانستان میں طالبان غیر ملکی و افغان فورسز سے برسر پیکار ہیں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت بھی افغانستان کے بہت بڑے رقبے پر طالبان جنگجو قابض ہیں۔ مشرق وسطی میڈیا کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق زلمے خلیل زاد اور دیگر امریکی حکام سے جمعے کو قطر میں ملاقات ہوئی جس میں افغان مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بات چیت کا یہ سلسلہ مزید جاری رہے گا۔زلمے خلیل زاد نے گذشتہ سوموار کو افغان دارالحکومت کابل کا دورہ کیا تھا اور افغان لیڈروں سے ملک میں گذشتہ سترہ سالوں سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا پہلا دور کیا تھا۔افغانستان کے لیے امریکہ کا خصوصی ایلچی مقرر ہونے کے بعد ان کا کابل کا یہ پہلا دورہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز