براؤنشویگ (ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ کے زیر اہتمام مقبوضہ بلوچستان میں قابضین کی طرف سے ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے جرمنی کے شہر براؤنشویگ میں منعقدہ 3 روزہ آگاہی و احتجاجی مہم کا آج دوسرا دن بھی کامیابی سے اختتام پزیر ہوا۔
مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ بلوچستان میں پاکستان و ایران کی طرف سے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے اور تصویروں کے ذریعے بھی لوگوں کو بلوچ سرزمین کے حالات اور انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی۔
مظاہرین سےمقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی قوم کی سرزمین کا قبضہ اپنے آپ میں اس کے حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے مگر بلوچ عوام اپنے وطن کے زیر قبضہ ہونے کے باوجود دیگر مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجتماعی پھانسیاں ہوں کہ اجتماعی قبریں، ہزاروں کی تعداد میں بلوچوں کی جبری گُمشدگیاں ہوں کہ فوجی آپریشن اور قتل و غارت اس وقت بلوچستان کی سرزمین اور اس کی عوام سنگین ترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے شکار ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بلوچستان میں صورتحال پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قابض افواج بلوچستان کے آزادی پسندوں کی واضح اور دوٹوک آواز کو دبانے کے لئے جس ننگی جارحیت کا سہارا لیکر مظالم کررہی ہے مہذب دنیا کو اس صورتحال کا جلد ہی نوٹس لیکر پاکستان و ایران جیسے غیر مہذب درندوں کے ہاتھ روکنے ہونگے۔
اس دوران بلوچستان میں ہونے والے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ہزاروں کی تعداد میں پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔
فری بلوچستان موومنٹ کی طرف سے منعقد کردہ آگاہی مہم کا کل تیسرا اور آخری دن ہوگا جس میں ایک ریلی بھی نکالی جائیگی۔