سه شنبه, اکتوبر 1, 2024
Homeخبریںایڈوکیٹ جنرلز کی رپورٹ زمینی حقائق کے برعکس ہے۔ بی ایس او...

ایڈوکیٹ جنرلز کی رپورٹ زمینی حقائق کے برعکس ہے۔ بی ایس او آزاد

کوئٹہ(ہمگام نیوز) بی ایس او آزاد کے مرکزی ترجمان نے سپریم کورٹ میں پیش ہونے والی ایڈوکیٹ جنرلز کی رپورٹ ’’جس میں کہا گیا تھا کہ بلوچستان میں سب سے کم لاشیں برآمد ہوئی ہیں ‘‘پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ زمینی حقائق کے بالکل بر عکس اور جھوٹ پر مبنی ہے ، ریاست اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے ایسے جھوٹے و من گھڑت رپورٹ شائع کررہی ہے تاکہ دنیا کو گمراہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ریاست کی جانب سے اغواء ہونے والے سیاسی کارکنوں کی لاشیں ہزاروں کی تعداد میں ملی ہیں جو کہ فورسز کے ہاتھوں اغواء و شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 800 سے زائد ناقابل پہچان لاشیں ملی ہیں جن کے چہروں کو مسخ کر کے انہیں شہید کیا جا چکا ہے جن کی تصدیق انسانی حقوق کے عالمی ادارے و غیر سرکاری ادارے کر چکے ہیں۔ جبکہ ہزاروں کی تعداد میں بزرگ و نوجوان آج بھی ریاستی خفیہ ٹارچر سیلوں میں بند ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ انہیں بھی خفیہ ادارے شہید کردیں گے۔ ترجمان نے مزیدکہا کہ ریاستی فوجی آپریشن بلوچستان میں تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جس میں روز بہ روز شدت لائی جارہی ہے ، 10 فروری کی علی الصبح پسنی کے مختلف علاقوں، پیدراک و بیسیمہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جاری آپریشن میں شدت لاتے ہوئے متعدد بلوچ فرزندوں کو اغواء کر کے لاپتہ کر دیاجن میں پسنی کے رہائشی عدنان حاصل،حنیف بلوچ اور پیر جان سمیت متعدد بلوچ فرزند شامل ہیں، پیدراک کے علاقے جمک سے ڈاکٹر گمان بلوچ کوشہید جبکہ رحیم ولد روشن بلوچ کو فورسز نے اغواء کردیا۔ خواتین و بچوں کی مزاحمت پر انہیں وحشیانہ طریقے سے تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کردیا۔ بلوچ قومی تحریک کی پزیرائی سے خوف زدہ ہو کر ریاستی فورسز اپنی دہشتگردانہ کاروائیوں میں مزید شدت لا ر ہی ہیں تاکہ بلوچ تحریک کو کمزور کر کے بلوچستان میں ہونے والی سرمایہ داری و لوٹ مار کی پالیسیوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔چائنا پاکستان کے ساتھ ہو نے والے استحصالی معاہدوں کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے بلوچ عوام کی نسل کشی میں پاکستان کی معاونت کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی تحریک سے بلوچ عوام کی وابستگی شعوری ہے ریاست اپنی دہشتگردانہ کاروائیوں سے بلوچ عوام کی وابستگی کو کسی بھی طرح ختم نہیں کرسکتا۔ بی ایس او آزاد کے ترجمان نے کہا کہ 10فروری2011کو بی ایس او آزاد کے سنٹرل کمیٹی ممبر شہید کامریڈ قیوم بلوچ اور جمیل یعقوب بلوچ کی لاشیں ملیں جنہیں ریاستی فورسز نے حراست میں لیکر شہید کردیاتھا، شہید کامریڈ قیوم بلوچ نے قومی تحریک اور بلوچ نوجوانوں کے لئے ناقابل فراموش خدمات انجام دئیے ہیں،بی ایس او آزاد شہید کامریڈ کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور شہداء کے مقاصد کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے عزم کرتی ہے

یہ بھی پڑھیں

فیچرز