دوشنبه, اپریل 21, 2025
Homeخبریںداعش کا بھارت میں ’ولایۃ الہند ‘ کے نام سے صوبے کے...

داعش کا بھارت میں ’ولایۃ الہند ‘ کے نام سے صوبے کے قیام کا اعلان

نئی دہلی(ہمگام نیوز ڈیسک)سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے بھارت کے زیر انتظام ریاست مقبوضہ جموں وکشمیر میں جھڑپوں کے بعد پہلی مرتبہ اپناایک ’ صوبہ‘ قائم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں داعش کا ایک جنگجو مارا گیا ہے۔
داعش کی خبررساں ایجنسی اعماق نے ’ولایۃ الہند ‘ کے نام سے صوبے کے قیام کا اعلان کیا ہے۔اس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کے ضلع شوپیاں میں واقع قصبے اعمشی پورہ میں داعش کے جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ میں متعدد بھارتی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔
بھارتی پولیس نے جمعہ کی شب ایک بیان میں شوپیاں میں اشفاق احمد صوفی نامی ایک جنگجو کی مقابلے میں ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔ پولیس کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ’’یہ ایک کلین اپ آپریشن تھا اور فائرنگ کے تبادلے میں کوئی ضمنی نقصان نہیں ہوا ہے‘‘۔
داعش کے اس بیان سے عیاں ہے کہ وہ اپنے سابقہ گڑھ دو ممالک شام اور عراق سے قدم اکھڑنے کے بعد اب دنیا کے دوسرے خطوں میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کررہی ہے۔داعش نے ایسٹر کے موقع پر سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو اور دوسرے شہروں میں خودکش بم دھماکوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔ان بم دھماکوں میں 253 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
بھارت کے ایک فوجی عہدے دار کے مطابق اشفاق احمد صوفی گذشتہ ایک عشرے کے دوران میں کشمیر میں مختلف تنظیموں کے ساتھ وابستہ رہے تھے اور انھوں نے حال ہی میں داعش کی بیعت کی تھی۔انھوں نے سری نگر سے شائع ہونے والے ایک میگزین کو انٹرویو بھی دیا تھا ۔ان پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز اور پولیس پر دستی بم کے متعدد حملوں میں ملوث ہونے کا شبہ تھا۔
بھارتی فوج کے ایک عہدہ دار نے کہا ہے کہ اشفاق صوفی کشمیر میں شاید داعش کے واحد جنگجو تھے۔بھارتی وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے داعش کی کشمیر میں موجودگی کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز