فرانس( ہمگام نیوز)۔شامی اپوزیشن نے اتوار کے روز بشار الاسد کے خلاف سخت فرانسیسی مؤقف کو ’مثالی‘ قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی ہے۔ شامی اپوزیشن اتحاد کے صدر خالد خوجہ نے فرانسیسی حکومت کے نام اپنے ایک مراسلے میں کہا ہے کہ فرانس شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ایسی ہر کوشش کی مخالفت کرتا آیا ہے، جس میں کسی بھی طرح مستقبل کی شامی حکومت میں بشارالاسد کا کوئی کردار تفویض کیا گیا ہو۔ خوجہ کی جانب سے یہ مراسلہ ایک ایسے موقع پر لکھا گیا ہے، جب فرانسیسی ارکانِ پارلیمان کے ایک وفد نے دمشق کا ایک متنازعہ دورہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ اپنے اس دورے میں فرانسیسی قانون ساز بشار الاسد سے بھی ملے تھے۔ خیال رہے کہ فرانسیسی ارکان پارلیمان کے اس متنازعہ دورے کی مذمت فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ نے بھی کی تھی۔