کراچی ( ہمگام نیوز ) کراچی میں رات سے شروع ہونے والی طوفانی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ شہر کے بیشتر علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے اور محتلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔
کراچی میں رات سے شروع ہونے والی طوفانی بارش کا سلسلہ تاحال وقفے وفقے سے جاری ہے اور مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔
ملیر، ماڈ ل کالونی، ناگن چورنگی،کورنگی الیاس گوٹھ، جوہر بلاک تین سمیت کئی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا جب کہ شہر کی اہم شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 150.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ گلشن حدید میں 149 ملی میٹر اور ائیر پورٹ پر 126 ملی میٹر بارش ہوئی۔
بارش کے باعث کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے قربانی کے 7 جانور بھی ہلاک ہوئے۔