کیچ ( ہمگام نیوز)گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کیچ کے ترجمان نے کہا ہے کہ آرٹی ایس ایم کے غیر مصدقہ رپورٹ کی بنیاد پر ضلع کیچ کے 114 میل و فیمیل اساتذہ کو بغیر کوئی انکوائری بہ یک جنبش قلم نوکریوں سے برخاست کرنا انتہائی ظلم کے مترادف ہے ۔
انھوں نے کہا کہ انہی 114 اساتذہ میں سے عبدالستار جے وی ٹی ڈنک آسیہ آباد، عزیر احمد جے وی ٹی آزیان اور مہ بی بی پرائمری اسکول کسانو ریٹائرڈ ہوچکے ہیں جبکہ محمد رضا جے وی ٹی پرائمری اسکول چیری گیاب مند، امام بخش جے وی ٹی پرائمری اسکول میربازار جوسک اور مراد محمد جے وی ٹی پرائمری اسکول میربازار جوسک بالترتیب نو ماہ، دو ماہ قبل وفات پاچکے ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ اگر اس طرح کی غیر مصدقہ رپورٹ پر جن کو یہ تک معلوم نہ ہو کہ جس شخص کو وہ برخاست کررہا ہے زندہ ہے کہ مرچکا ہے تو سراسر ان اساتذہ کرام کے ساتھ ناانصافی ہے انھوں نے مطالبہ کیا کہ از سرے نو ان اساتذہ کے اور آرٹی ایس ایم کے نمائندوں کی تحقیقات کی جائے اور ان اساتذہ کو فوری طور پر دوبارہ بحال کیا جائے اگر ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا تو جی ٹی اے کیچ راست اقدامات اٹھائے گی جن کی تمام تر ذمہ داری حکام بالا پر عائد ہوگی۔