یکشنبه, سپتمبر 29, 2024
Homeخبریںناراض بلوچ نوجوان ہتھیار رکھ کر امن کا راستہ اختیار کریں: لیفٹیننٹ...

ناراض بلوچ نوجوان ہتھیار رکھ کر امن کا راستہ اختیار کریں: لیفٹیننٹ جنرل جنجوعہ

فوج کی سدرن کمانڈر کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کا کہنا تھا کہ فوج بلوچستان سمیت پورے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور عوام کے درمیان پیدا کی گئی تفریق کو بھی ختم کیا جائے گا۔

پاکستان کی فوج کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے شورش پسندی سے متاثرہ صوبے بلوچستان میں عسکری کارروائیوں میں مصروف نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہتھیار رکھ کر امن کا راستہ اختیار کریں۔

اتوار کو سالانہ بلوچستان اسپورٹس فیسٹیول کی کوئٹہ میں ہونے والی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فوج کی سدرن کمانڈر کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کا کہنا تھا کہ فوج بلوچستان سمیت پورے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور عوام کے درمیان پیدا کی گئی تفریق کو بھی ختم کیا جائے گا۔

ایک دہائی سے زائد عرصے سے بلوچستان میں مختلف گروپ قوم پرستی کے نام پر صوبے کے قدرتی وسائل اور اختیارات میں زیادہ حصے کے حصول کے لیے مسلح کارروائیاں کرتے آ رہے ییں جس سے قدرتی وسائی سے مالا مال یہ صوبہ شورش پسندی اور بدامنی کا شکار چلا آ رہا ہے۔

حالیہ ہفتوں میں سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے درجنوں مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا جب کہ مسلح کارروائیوں میں حصہ لینے والے اکثر لوگوں نے ہتھیار پھینک کر حکومت کو اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

جنرل ناصر جنجوعہ کا ہتھیار ڈالنے والے نوجوانوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے خون کی ہولی کی بجائے امن کا راستہ اختیار کرنے کو ترجیح دی ہے۔

“میں سلام کرتا ہوں اُن نوجوانوں کو، جنہوں نے یہ تہیہ کر لیا ہے کہ وہ دنیا کی لالچ چھوڑ کر اپنی آخرت سنواریں گے کیونکہ اپنے ہی بہن بھائیوں کے خون میں رنگے ہاتھ اللہ کے رسول اور اللہ تعالی کے سامنے کس منہ سے کھڑ ے ہوں گے کسی کے بہکاوے میں آکر چند پیسوں کی خاطر کسی کو بھی تکلیف نہیں پہنچائیں گے۔”

تاہم اب بھی مختلف قوم پرست بلوچ رہنما اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ جب تک مقامی لوگوں کے ساتھ مقتدر حلقوں کی اعتماد سازی کو فروغ دینے کے لیے اقدامات نہیں کیے جائیں گے صورتحال میں واضح بہتری کے امکانات کم ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیں

فیچرز