کوئٹہ (ہمگام نیوز) بلوچ ڈاکٹرز فورم نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز بلوچستان یونیورسٹی میں پیش آنے والا واقعہ نہایت ہی افسوسناک ہے . اس طرح کے غیر انسانی فعل سے نہ صرف ایک تاریخی ادارے کی بدنامی ہوئی بلکہ ہمارے سماج کی روایات کو بھی پیروں تلے روندا گیا ہے. BDF اس گھناؤنے عمل کی بھرپور مذمت کرتی ہے.
بلوچستان یونیورسٹی میں پیش آنے والا دلخراش واقعہ صرف ایک طبقہ یا ادارے کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک اجتماعی مسئلہ ہے اور اس گھناؤنے عمل کے خلاف ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور مسئلے کے حل تک ہر فرد کو آواز اٹھانے کے ساتھ، ساتھ عملی جدوجہد بھی کرنا ہوگا . صرف ادارے کے سربراہ کو تبدیل کرنا مسلئے کا حل نہ سمجھا جائے بلکہ آئندہ کے لئے واضع اور جامع حکمت عملی بھی ہونی چاہیے.
بلوچ ڈاکٹرز فورم نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ کچھ دن پہلے BUMHS میں بھی اسی طرح کا واقعہ رونما ہوا تھا جس میں لیڈی ڈاکٹرز کے ساتھ ایک اسسٹنٹ کمشنر اور یونیورسٹی کے پروواسٹ نے نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ طلبا کو حراساں بھی کیا. اس طرح کے واقعات کا تسلسل بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ہو رہا ہے جسکا مقصد طلبہ کے لئے تعلیم کا حصول مشکل کرنا اور بلوچستان کو جہالت کی تاریکیوں میں دھکیلنا ہے. ان سازشوں کے خلاف سب کو نکل کہ عملی جدوجہد کرنا ہو گا۔ BDF ان سازشوں کے خلاف ہر طرح سے جدوجہد کرے گی.


