آسٹریلیا ( ہمگـام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں کرونا وائرس نے جہاں چین میں لوگوں کے لئے رہنا مشکل بنا دیا ہے وہاں ہی یہ وائرس اب آسٹریلیا بھی پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے مختلف ایئرپورٹس پر چین سے 167 پروازیں اتری تھیں جن میں 49 ہزار افراد سوار تھے۔ ان میں سے 9 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ افراد میں سے 4 کا تعلق سڈنی، 3 کا میلبورن اور دو کا تعلق گولڈ کاسٹ سے ہے۔ آسٹریلیا حکومت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جن لوگوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ سب چین سے واپس آئے ہیں اور ان میں یہ وائرس آسٹریلیا میں آنے سے ایک یا دو دن قبل آیا تھا۔
آسٹریلوی حکام کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور اس وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کرونا وائرس نے چین میں تباہی مچائی ہوئی ہے۔ اب تک کی تفصیلات کے مطابق 200 سے زیادہ افراد اس وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ 9 ہزار سے زائد افراد اس کا شکار ہو کر ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ چین حکومت کی جانب سے اس وائرس سے بچنے اور لوگوں کے علاج کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ لیکن ان کے اقدامات سے کہیں زیادہ رفتار سے یہ وائرس پھیل رہا ہے۔
چین میں مقیم لوگوں کی زندگیاں عذاب بن گئی ہیں کیونکہ نہ وہ گھروں سے باہر نکل سکتے ہیں اور نہ ہی ان کا علاج ممکن ہے۔ چین کے مقامی لوگو ں کے ساتھ وہاں دنیا بھر سے آئے طالبعلم بھی قید ہو گئے ہیں جو کہ وہا ں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے گئے تھے۔ ان میں پاکستانی طلباء کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے جو کہ چین میں پھنسے ہوئے ہیں۔ طلباء کی جانب سے پیغامات جاری کئے جا چکے ہیں کہ انہیں پاکستان واپس بلایا جائے لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے انہیں واپس نہیں بلایا گیا اور نہ ہی ان کی امداد کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ یہ وائرس آسٹریلیا میں بھی پھیل گیا ہے اور ان لوگوں میں اس کی تصدیق ہوئی ہے جو کچھ دن قبل چین سے آسٹریلیا واپس آئے تھے۔ 9 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ سفر کرنے والے 49 ہزار لوگوں کا معائنہ کیا جائے گا۔