اسلام آباد (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق پاکستان کی وفاقی حکومت نے پہلی بار باقاعدہ طور پرتحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے سرکاری تحویل سے فرار ہونے کی تصدیق کردی۔
7 فروری کو کالعدم ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان نے آڈیو پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ سرکاری تحویل سے فرار ہوگیا ہے۔
اب پہلی بار وفاقی حکومت نے احسان اللہ احسان کے فرار کی تصدیق کی ہے۔ پارلیمنٹ میں صحافیوں کے سوال پر وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ ’وہ جو خبر آرہی ہے، میں نے بھی پڑھی ہے اور وہ صحیح ہے‘۔
ایک اور سوال پر ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ریاست کو پتا چلا ہے تو خبر کو صحیح کہہ رہے ہیں، اس حوالے سے بہت کچھ ہورہا ہے اور جلد خوشخبری سننے کو ملے گی‘۔
خیال رہے کہ 10 فروری کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے کالعدم ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے فرار کی تفصیلات وزراتِ داخلہ سے طلب کیں تھیں۔
یاد رہے کہ احسان اللہ احسان نے2017 میں رضاکارانہ طور پر خود کو انٹیلی جنس اداروں کے حوالے کیا تھا۔